مکیش امبانی کی جگہ ایک اور بھارتی تاجر ایشیا کا امیر ترین شخص بن گیا

بھارت سے تعلق رکھنے والے مکیش امبانی لگ بھگ 5 ماہ بعد ایشیا کے امیر ترین شخص کے اعزاز سے محروم ہوگئے۔مکیش امبانی کی جگہ بھارت کے ہی گوتم اڈانی ایک بار پھر ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

خیال رہے کہ جنوری 2023 میں امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ڈانی گروپ دہائیوں سے اسٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری اور اکاؤنٹنگ فراڈ اسکیم میں ملوث ہے۔

اس رپورٹ کے بعد گوتم اڈانی کی دولت میں کمی آئی تھی اور وہ 2023 میں دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کافی نیچے رہے تھے جبکہ مکیش امبانی نے ایشیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

گوتم اڈانی نے 2023 کا آغاز 119 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کی حیثیت سے کیا تھا اور پھر دولت میں مسلسل کمی کے بعد نیچے چلے گئے۔مگر 2024 گوتم اڈانی کے لیے اب تک اچھا سال ہوا ہے اور 5 ماہ کے دوران ان کے اثاثوں میں لگ بھگ 27 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق 31 مئی کو 11 ارب ڈالرز کے اضافے سے گوتم اڈانی کے اثاثوں کی مالیت 111 ارب ڈالرز ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑ کر ایشیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ابھی گوتم اڈانی دنیا کے 11 ویں امیر ترین شخص ہیں جبکہ مکیش امبانی 109 ارب ڈالرز کے ساتھ 12 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

گوتم اڈانی اس سے قبل جنوری 2024 میں بھی چند دن کے لیے ایشیا کے امیر ترین شخص بنے تھے مگر پھر جلد ہی نیچے چلے گئے۔فرانس کے برنارڈ آرنلٹ اس وقت 207 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جن کے بعد ایلون مسک ہیں جو 203 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔ایمازون کے بانی جیف بیزوز 199 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔