قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر اعظم خان نے سوشل میڈیا ایپ سے اپنی تمام تصاویر اور ویڈیوز کا صفایا کر دیا۔
قومی بلے باز سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز اور تصاویر اکثر اپ لوڈ کرتے تھے، گزشتہ چند دنوں سے ان کی فٹنس کے باعث شائقین کی جانب سے ان پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری تھا۔
قومی بلے باز کو انگلینڈ کے خلاف خراب کارکردگی کے باعث بھی شائقین کی جانب سے تنقید کا سامنا تھا، اعظم خان کی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اب کوئی تصویر یا ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے بھی وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان اور شاداب خان کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔
سابق کرکٹر سلمان بٹ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ قومی بلے باز فٹنس کے مسائل اور شارٹ بال کھیلنے میں جدوجہد کرنے پر خود تنقید کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی اعظم خان پرفارم نہیں کریں گے تو ان پر تنقید کی جائے گی۔
سلمان بٹ نے اعظم خان کی وکٹ کیپنگ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی انہوں نے دو اہم کیچز ڈراپ کیے۔انہوں نے کہا کہ شارٹ بال کھیلتے ہوئے ان کی آنکھیں بند ہوگئیں، میرے خیال میں اعظم خان کو اپنی فٹنس پر کام کرنا چاہیے ورنہ ان کے لیے کھیلنا بہت مشکل ہوجائے گا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ شاداب خان کبھی کبھار اچھی کارکردگی کے باوجود نمبر چار پر بیٹنگ کے لیے موزوں نہیں ہے۔