چین نے سمندری آثار قدیمہ کے عجائب گھر کی تعمیر کا اعلان کر دیا

چین کی ژی جن پنگ حکومت نے سمندری آثارِ قدیمہ کے عجائب گھر کی تعمیر کا اعلان کردیا ہے جو رواں برس پاکستان کے ہمسایہ ملک کے صوبہ شان ڈونگ میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق چین نے شان ڈونگ کے مشرقی ساحل پر واقع شہر میں سمندری آثارِ قدیمہ کے قومی عجائب گھر کی تعمیر کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا۔ شہر میں سمندری آثارِ قدیمہ کا عجائب گھر اوشینیٹک وادی میں تعمیر کیا جائے گا۔

صدر ژی جن پنگ کی قیادت میں سمندری آثارِ قدیمہ کے عجائب گھر کی تعمیر کرنے والی چینی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ 26 ہزار مربع میٹر سے لے کر 29 ہزار 333 مربع میٹر پر محیط ہوگا جس کا مقصد سمندری آثارِ قدیمہ کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔

منصوبے کی انتظامی بیورو کا کہنا ہے کہ چین میں اپنی طرز کا یہ پہلا میوزیم ہوگا جو سمندری آثارِ قدیمہ کی تاریخ کے ساتھ ساتھ قدیم سمندری تہذیب اور کامیابیوں کو اجاگر کرے گا جس میں نایاب ثقافتی آثار کو پانی میں مستقل جگہ دی جائے گی۔واضح رہے کہ دنیا کی ابھرتی ہوئی بڑی معاشی طاقت کے طور پر چین سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم سمیت متعدد شعبہ جات میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ چین کی جانب سے سمندری آثارِ قدیمہ کے عجائب گھر کی تعمیر کو دلچسپی کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔