باکسر محمد علی کو بچھڑے 8 برس بیت گئے

 کنگ آف باکسنگ، بڑے بڑے باکسرز کو ناکوں چنے چبوانے والے امریکی اسٹار باکسر محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 8برس بیت گئے۔

محمد علی نے 17 جنوری 1942ء کو امریکی شہر لوئسویل کے ایک مسیحی گھرانے میں آنکھ کھولی اور ان کا نام کاسیئس کلے رکھا گیا، انہوں نے 1970 میں اسلام قبول کیا۔

باکسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ محمد علی نے 29 اکتوبر1960ء کو آبائی قصبے لوئسویل میں پہلا مقابلہ جیتا اور 60 کی دہائی میں  ہی انہوں نے روم اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتا۔

محمد علی نے 1964 میں دنیائے باکسنگ کے خطرناک ترین کھلاڑی سونی لسٹن کو شکست دے کر بے پناہ شہرت حاصل کی، 1974 میں انہوں نے جارج فورمین کو شکست دے کر 32 سال کی عمر میں باکسنگ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ محمد علی کا  باکسنگ کیریئر 20 سال پرمحیط رہا، اس دوران انہوں نے 56 مقابلے جیتے اور 37 باکسرز کو ناک آؤٹ کیا، لیجنڈ باکسرمحمد علی کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے کنگ آف باکسنگ کا خطاب بھی دیا گیا۔ ان کا نِک نیم ’دی گریٹسٹ‘ تھا۔

تین جون 2016ء کو یہ عظیم باکسر 74 برس کی عمر میں انتقال کر گیا لیکن ان کی یاد مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔