'پی ٹی وی' بھنگ پی کر سو رہا ہے، یاسر حسین

پاکستانی اداکار ، مصنف اور ہدایتکار یاسر حسین نے سرکاری ٹیلی ویژن ’پی ٹی وی’ پر طنزیہ وار کرتے ہوئے اسکی خراب کارکردگی پر سوالہ نشان کھڑا کردیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یاسر حسین نے اسٹوری اپڈیٹ کی جس میں انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار اورنگزیب لغاری کے فرنیچر کے کاروبار کی خبر کا اسکرین شارٹ  شیئر کیا۔

یاسر حسین نے شوبز میں کام نہ ملنے کے سبب غربت کے ہاتھوں ستائے اداکار اورنگزیب کا فرنیچر کا کاروبار کرنے پر پی ٹی وی کی خراب کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا دیا۔

انہوں نے لکھا کہ،’پی ٹی وی نے گزشتہ 20 سالوں سے کوئی بھی اچھا ڈراما نہیں بنایا ہے’

یاسر حسین کا کہنا تھا کہ،’سارے اچھے ڈرامے کراچی میں بن رہے ہیں لاہور سے کسی فنکار کو بلانا نہیں جاتا اور  پی ٹی وی جو سب شہروں کو کام دیتا تھا وہ بھنگ پی کر سو رہا ہے۔’

یاسر حسین نے ماضی کے سپر ہٹ ڈراموں اور انکے فنکاروں کی یاد دہانی کرواتے ہوئے سوال کیا کہ،کتنے شرم کی بات ہے ’تنہائیاں، دھواں، آنگن ٹیڑھا، گیسٹ ہاؤس جیسے ڈراموں کے لوگ کہاں گئے؟’

واضح رہے کہ یاسر حسین کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر اورنگزیب لغاری نے شوبز میں کام نہ ملنے کا شکوہ کیا۔

اورنگزیب لغاری کا کہنا تھا کہ،’چونکہ شوبز انڈسٹری 70 سے 80 فیصد لاہور سے کراچی منتقل ہو گئی ہے اسی لیے اُن کے پاس کام کے مواقع بہت کم ہیں۔نہ اب اُنہیں ڈراموں کی آفر ہوتی ہے اور نہ ہی کام ملتا ہے، اس فیلڈ کو اب ہماری ضرورت نہیں رہی۔’

اداکار نے بتایا تھا کہ اُن کا گزارا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا تھا، پہلے تو وہ زمین بیچ کر گزارا کرتے رہے مگر کیوں کہ اب آنے والا وقت مزید کڑا معلوم ہو رہا ہے اسی لیے انہوں نے فرنیچر کا کاروبار کرنے کا ارادہ کیا ہے۔