پنجاب، بلوچستان اور بالائی سندھ میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، جنوبی وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

جمعرات کو پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش نے جل تھل ایک کردیا،مخلتف حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔شجاع آباد میں تیزآندھی کے باعث نشتر اسپتال کی زیرتعمیر دیوار گرنے سے ایک مزدور دب کر جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ کمالیہ میں دیوار گرنے سے دو افرادزخمی ہوئے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔شمالی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم شام اور رات میں خضدار، قلات، جھل مگسی، سبی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، موسی خیل، شیرانی، ژوب اور تربت میں آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، قلات میں 28 اور زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ژوب میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 اور چمن میں 34، سبی میں 45 اور تربت میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں درجہ حرارت 33 اور گوادر میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔