امریکا، چین اور برطانیہ پاکستانی برآمدات کے حوالے سے سرفہرست

امریکہ ، چین اور برطانیہ پاکستانی برآمدات کے حوالے سے جاری مالی سال کے دوران سرفہرست ممالک رہے ہیں۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں امریکہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 4.497 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.92 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکہ کو 4.99 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں چین کو 2.341 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 37.68 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.700 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پاکستانی برآمدات کے حوالے سے برطانیہ تیسرا بڑا ملک ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں برطانیہ کو برآمدات سے ملک کو 1.683 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.645 ارب ڈالر تھا۔ اس مدت میں یو اے ای کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.637 ارب ڈالر ، جرمنی 1.235 ارب ڈالر ، ہالینڈ 1.143 ارب ڈالر اور سپین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.199 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔