پری مون سون کی بارشیں کب سے شروع ہو رہی ہیں؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا۔

محکمہ موسمیات کا پری مون سون بارشوں سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 19 جون کے بعد ملک میں پری مون سون بارشوں کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ اس سال معمول سے زیادہ بارش ہونے کی توقع کی جا رہی ہے لیکن عید پر میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں سالانہ اوسطاً 188 ملی میٹر بارش ہوتی ہے جس میں سے کم و بیش اوسطاً 141 ملی میٹر بارش مون سون کے دوران ہوتی ہے۔

رواں سال ملک بھر میں معمول سے 35 فیصد زیادہ بارشوں کا امکان ہے، درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔