دنیا کا قدیم ترین جنگل دریافت کیا گیا ہے جو 39 کروڑ سال پرانا ہے۔برطانیہ کے علاقے سمر سیٹ میں پتھر میں تبدیل ہو جانے والے اس جنگل کو دریافت کیا گیا جو چٹانوں میں چھپا ہوا تھا۔
کیمبرج یونیورسٹی اور کارڈف یونیورسٹی کے ماہرین نے اس قدیم ترین جنگل کے فوسل دریافت کیے۔اس سے قبل قدیم ترین جنگل کا اعزاز نیو یارک کے پاس تھا مگر برطانوی جنگل اس سے 40 لاکھ سال پرانا ہے۔اس تحقیق کے دوران ان چٹانوں کا جائزہ لیا گیا تھا جو 41 کروڑ سے 35 کروڑ سال پرانی ہیں۔
جنگل کی دریافت سے قبل مانا جاتا تھا کہ ان چٹانوں میں کسی قسم کے نباتاتی فوسل موجود نہیں۔مگر ان کا جائزہ لینے پر محققین نے درختوں کے تنوں کے آثار دریافت کیے جو کروڑوں سال پرانے تھے۔تحقیق کے مطابق موجودہ عہد کے درختوں کے برعکس اس قدیم جنگل کے درخت کافی مختلف تھے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ درخت دیکھنے میں موجود عہد کے پام درختوں جیسے تھے مگر وہ زیادہ پتلے اور چھوٹے تھے۔محققین کے مطابق یہ کافی عجیب جنگل ہے اور آپ نے موجودہ عہد میں ایسا کوئی جنگل نہیں دیکھا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ان درختوں کی جڑیں نہیں تھیں مگر تنے بہت زیادہ تھے جن سے گرنے سے اس علاقے پر اثرات مرتب ہوئے۔