پاکستان سمیت بھارت میں بھی ریکارڈ توڑ مقبولیت پانے والے جیوانٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل’ تیرے بن‘ کا ریمیک بھارت میں بنائے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل تیرے بن کی مقبولیت کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارت کی ٹیلی ویژن کوئین سمجھی جانے والی اداکارہ ایکتا کپور تیرے بن کا ریمیک بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہیں۔
بھارتی میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ایکتا کپور نے مقبول پاکستانی ڈرامے تیرے بن کے ریمیک کی تیاری کیلئے کلرز ٹی وی کے ساتھ شراکت داری کرلی ہے۔
تیرے بن کے بھارت میں ریمیک کے حوالے سے یہاں تک کہا جارہا ہے کہ مبینہ طور پر ایکتا نے اس پروجیکٹ کے لیے اداکارہ کنیکا مان اور عائشہ سنگھ کو بھی شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔مزید برآں ڈرامہ سیریل تیرے بن کا ریمیک بھارت میں جولائی 2024 تک لائیو ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے دعوے پر متعدد شائقین نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ایکتا کے فیصلے کو غلط قرار دیا۔شائقین کا ماننا ہے کہ تیرے بن کی مقبولیت کی وجہ پاکستانی اداکار اور ان کے درمیان پائی جانے والی انڈر اسٹینڈنگ ہے، ایکتا وہ کردار کہاں سے لائیں گی؟۔