معروف امریکی مصنف شون کنگ اپنی اہلیہ رائے کنگ کے ہمراہ رمضان المبارک کے پہلے دن کلمۂ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر امریکی پروفیسر خالد بیدون نے اسکالر اور ایکٹوسٹ عمر سلیمان کی مدد سے شون اور انکی اہلیہ کے اسلام قبول کرنے کے مناظر پر مبنی لائیو براڈکاسٹ جاری کی۔
ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ 44 سالہ شون ’بلیک لائیو میٹرز‘ جیسی تحریک میں سرگرمِ عمل رہے۔
انہوں نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ میں اپنے دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں اور میری اہلیہ ڈیلاس میں اپنے گھر کی قریبی مسجد میں نماز ادا کر کے ابھی گھر پہنچے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے کلمہ شہادت پڑھ کر رمضان کے آغاز میں اسلام قبول کرلیا ہے۔ شون اسلام قبول کرنے کے دن کو ’بامعنی‘ قرار دیا اور کہا کہ اس دن کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس برس ایک ارب سے زائد مسلمانوں کیساتھ روزہ رکھیں گے۔مجھے اور میری اہلیہ کو اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھیں۔