غلام نبی میمن کو ایک دفعہ پھر آئی جی سندھ پولیس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، پی پی قیادت نےآئی جی سندھ کیلئے غلام نبی میمن کے نام کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں نئی بننے والی حکومت محکمہ پولیس اور سول انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرنے کی تیاری کر رہی ہے،غلام نبی میمن کو ایک دفعہ پھر آئی جی سندھ پولیس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ کیلئے غلام نبی میمن کا نام تجویز کیا گیا ، جس کے بعد پی پی قیادت نےآئی جی سندھ کیلئے غلام نبی میمن کے نام کی منظوری دے دی، آئی جی سندھ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ کیلئےآصف حیدرشاہ کانام فائنل کرلیا گیا ، آصف حیدر شاہ کی تعیناتی آئندہ چندروزمیں کردی جائے گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن آصف حیدرشاہ کی تعیناتی کانوٹیفیکشن جاری کرے گا، آصف حیدرشاہ کمشنرکراچی،کمشنرحیدرآبادکےعہدےپر کام کرچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ شاہ نے صوبے کے دیہی اور شہری علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو انتہائی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے محکمہ پولیس اور سول انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ کراچی اور دیہی علاقوں خصوصاً دریائی پٹی میں سیکیورٹی کی صورتحال تشویشناک ہے اور وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں۔