پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 147 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز یاسر خان اور محمد رضوان نے کیا تاہم 8 ویں اوور میں 61 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ملتان کی دوسری وکٹ 84 رنز کے مجموعی اسکور پر یاسر خان کی صورت میں گری جنہوں نے 37 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ ہدف انیسویں اوور میں حاصل کرلیا۔
قبل ازیں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے تھے۔پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابراعظم نے کیا تاہم صائم ایوب صرف 1 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اکاون کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 22 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد حسیب اللہ بھی محض 3 رنز بنانے کے بعد 57 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
چودہویں اوور میں بابراعظم 46 رنز بناکر ہمت ہار بیٹھے۔ ٹام کوہلر 24 اور روومین پاول 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پال والٹر اور لیوک ووڈ 14، 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز کی طرف سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے 2، 2، عباس آفریدی، محمد علی اور ڈیوڈ ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔