ملازمت اور تربیتی ویزوں پر جاپان جانے والے پاکستانی ہنرمندوں میں اضافہ جاری ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ دنوں 6 پاکستانی نوجوانوں کو جاپانی کمپنی نے میکینیکل انجینئرنگ کے شعبے میں ناصرف تربیتی ویزے جاری کیے ہیں بلکہ ان کے تمام اخراجات بھی ادا کیے ہیں جبکہ کمپنی تربیت کے لیے آنے والے ان ہنرمندوں کو بہترین مشاہرہ اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کرے گی۔
اس حوالے سے گزشتہ روز سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے جاپان پہنچنے والے ان 6 نوجوانوں کو سفارتخانے میں خوش آمدید کیا اور ان سے گفتگو کی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ آپ جاپان میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں آپ اپنے اچھے کردار اور محنت سے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کریں بلکہ آنے والے نوجوانوں کے لیے بھی مشعل راہ بنیں۔
خیال رہے کہ سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ اور ان کی ٹیم کی جانب سے جاپانی کاروباری اداروں سے ذاتی نوعیت کی درخواستوں اور پاکستانی ہنر مندوں کو متعارف کرانے کی کوششوں کے سبب اب جاپانی کاروباری ادارے پاکستانی ہنر مندوں کو اپنے اداروں میں ملازمت فراہم کرنے پر مائل ہورہے ہیں۔