اک ہم ہی نہیں رسوا،کچھ اور بھی ہم سے آگے ہیں۔تازہ ترین خبرکے مطابق بنگلہ دیش کو 2023 میں دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔
اور یہ فہرست جاری کی گئی ہے سوئس کمپنی آئی کیو ائیر کی جانب سے۔جس نے گزشتہ دنوں اپنی سالانہ عالمی سروے پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے۔
مزیداس رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ دنیا میں محض 7 ممالک ایسے ہیں جہاں کا فضائی معیار عالمی ادارہ صحت کے طے شدہ بین الاقوامی فضائی معیار کے مطابق ہے۔
اسی رپورٹ میں یہ انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدترین ہوتی جا رہی ہے۔اور اس پر ایمرجنسی حالات کی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ اس فہرست میں کسی جگہ کے فضائی معیار کا تعین وہاں پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والے ننھے پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔اور اسی فضائی معیار کے مطابق 2023 میں بنگلا دیش کا فضائی معیار بدترین رہا۔
جہاں فی کیوبک میٹر پی ایم 2.5 کا اجتماع 118.9 مائیکرو گرام تھا، جو عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار سے 15 گنا زیادہ ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے اس فہرست میں دوسرے نمبر پرجگہ بنائی جہاں فضا میں خطرناک ذرات کی مقدار عالمی معیار سے 14 گنا زیادہ رہی۔بدترین فضائی آلودگی کا سامنا کرنے والے ممالک میں بھارت اور تاجکستان بھی شامل ہیں۔
اس رپورٹ میں 134 ممالک اور خطوں کا سروے کیا گیا گیا تھا۔ جن میں سے صرف آسٹریلیا، فن لینڈ، ایسٹونیا، آئس لینڈ، موریطانیہ، نیوزی لینڈ اور Grenada ایسے ممالک تھے جو گاڑیوں، ٹرکوں اور صنعتی سرگرمیوں کے دوران خارج ہونے والے ننھے ذرات کو محدود رکھنے میں کامیاب رہے۔