آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورہ سعودی عرب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان، سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامدالرویلی اور نائب وزیر دفاع انجینئر طلال عبداللہ العطیبی سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں سعودی قیادت سے علاقائی امن و سلامتی اور دوطرفہ دفاعی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا، سعودی قیادت سے سکیورٹی تعاون سمیت دلچسپی کے وسیع تر امور پربھی بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں شہزادہ محمد بن سلمان نے پاک سعودی تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہدنے کہاکہ سعودی عرب اورپاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اورسعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے پاک سعودی تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کیلئے حمایت اورگرمجوشی کے جذبات پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔