رمیز راجہ محمد عامر کی ٹیم میں واپسی پر سخت ناراض

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے ایک مرتبہ پھر محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی پر سخت ناراضگی کا اظہارکیا ہے۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں سابق کرکٹر و کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر محمد عامر کو پاکستان سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں ملنی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ انگلینڈ کے خلاف میچ فکس کرکے پاکستان کو بدنام کیا، لارڈز میں کمنٹری کے دوران فینز اور دیگر لوگوں نے مجھ سے نفرت کی کیونکہ ہم فکسنگ میں ملوث لوگوں کوبے نقاب کررہے تھے۔

اس کے بعد میڈیا میں جتنا برا سلوک میرے ساتھ ہوا اسکومیں کبھی نہیں بھول سکتا۔سابق ٹیسٹ کرکٹرکا کہنا تھا کہ”میرا بیٹا بھی اگر فکسنگ میں ملوث ہوتا تومیں اسے عاق کردیتا“۔

انھوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی کرکٹر اگر ایسے کاموں میں ملوث ہوتا ہے تو اسکا کیرئیر ختم ہوجاتا ہے۔ اس سے ہمدردی ضرور رکھی جاسکتی ہے۔ لیکن میری کتاب میں ملک کو بدنام کرنے کی کوئی معافی نہیں ہے۔