اسرائیل کے وزیردفاع یویو گیلنٹ نے کہا ہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں قونصل خانے پر حملے کے بعد ایران کی جانب سے کسی بھی ممکنہ ردعمل سے نمٹنے کے لیے اسرائیل پوری طرح تیار ہے۔
مصدقہ میڈیا رپورٹس کے مطابق تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کے مرکز میں جائزہ اجلاس میں یویو گیلنٹ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بننے والی کسی بھی ممکنہ صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی نظام نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
خیال رہے کہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر بمباری کے نتیجے میں دو سینئر جرنیلوں سمیت پاسداران انقلاب کے سات جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایران نے قونصل خانے پر بمباری کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اسرائیل کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری باضابطہ طور پر قبول نہیں کی گئی ہے۔یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل پہلے ہی غزہ جنگ کے باعث ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی میں مصروف ہیں۔