چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 2022ء میں مارچ سے گرمی شروع ہو گئی تھی، اس بار ایسا نہیں ہوا، اس بار درجۂ حرارت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔
’نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ اپریل کے آخری ہفتے سے موسم گرم ہونے کا امکان ہے، گرمی ہو گی لیکن بہت زیادہ غیر معمولی گرمی کا امکان نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں توقع کے مطابق بارش ہوئی، جبکہ بلوچستان میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ چل رہا ہے،کوئٹہ اور گرد ونواح میں تیز بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا مزید کہنا ہے کہ توقع تھی کہ یہ سسٹم سندھ میں بھی پھیلے گا اور بارش ہو گی،پہاڑی علاقوں میں فصلوں کے لیے یہ بارش فائدہ مند ہے، میدانی علاقوں میں اس بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان میں 16 اپریل کی رات سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا، ضلع مکران میں زیادہ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ سندھ سے نکل چکا، کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے، سندھ میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہونے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں مغرب کی سمت سے ہلکی رفتار سےہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کی سڑکوں سے گزشتہ روز ہوئی بارش کے پانی کا نکاس کر دیا گیا ہے۔