ابھی نذرانہ پیش کیا ہے،جان کا سودا باقی ہے، سلمان خان کو نئی دھمکی

جب سے موٹر سائیکل سواردومسلح افراد نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر تین راؤنڈز فائرنگ کئے ہیں۔ممبئی فلم نگری میں ہاہاکار مچی ہوئی ہے۔

اور اب جبکہ بھارتی میڈیا کے مطابق چودہ اپریل کو ممبئی میں سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے افراد کی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ سے ہے، ان افراد میں سے ایک کی شناخت وشال کے نام سے ہوچکی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے صاف ظاہر ہے کہ دونوں افراد نے ٹوپیاں پہنی ہوئی ہیں اور بیگ اٹھائے ہوئے تھے۔

مزید برآں، کلپ میں انہیں سلمان خان کی رہائش گاہ کی طرف فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے قبل دونوں مشتبہ افراد نے سلمان خان کی رہائش گاہ کے آس پاس کے علاقے کا جائزہ لیا تھا جبکہ فائرنگ کے بعد دونوں افراد ممبئی چھوڑ کر جاچکے ہیں اور فی الحال فرار ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ہم نے ابھی سلمان خان کو صرف نذرانہ پیش کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انمول بشنوئی نے سلمان خان کو دوبارہ بھی قتل کی دھمکی دی ہے۔

اس کے علاوہ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے سلمان خان سے رابطہ کیا ہے اور انھیں ریاست کی جانب سے مزید تحفظ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔