ویلفیئرکے نام پر سندھ پولیس کو دی گئی زمینوں پر پیٹرول پمپ اور دفاتر قائم ہونے کا انکشاف

ویلفیئر کے نام پر سندھ پولیس کو دی گئی زمینوں پر  پیٹرول پمپ، دکانیں، گودام، فلیٹ اور دفاتر تعمیر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

آئی جی سندھ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق سندھ میں 4 پیٹرول پمپ اور 1397 دکانیں، 338 فلیٹ، 37 گودام اور 162 دفاتر پولیس کی زمین پر  بنائے گئے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ بھر میں پولیس کی زمین پر 32 مقامات پر کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں، کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، دادو، بدین، میرپور خاص، نوابشاہ، خیرپور،گھوٹکی، لاڑکانہ،کشمور اور جیکب آباد  میں بھی سندھ پولیس کی زمین پر کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد دکانداروں کو دکانیں خالی کرنے کا کہا گیا تھا، دکانداروں نے نوٹسز کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور سپریم کورٹ نے معاملہ سندھ ہائیکورٹ کو بھیجا تھا۔