صدر آصف زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کی تقرری کی منظوری دیدی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کی تقرری کی منظوری دے دی۔

صدر مملکت نے سردار سلیم حیدر خان کی بطور گورنر پنجاب ، فیصل کریم کنڈی کی گورنر خیبر پختونخوا اور جعفر خان مندو خیل کی بطور گورنر بلوچستان تعیناتی کی منظوری دیدی۔

آصف زرداری نے گورنرز کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101 (ایک) کے تحت دی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے نامزد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں 4 بجے منعقد ہو گی، تقریب میں شرکت کے لئے مہمانوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی تھی۔ جس میں بلاول بھٹو کی جانب سے سردار سلیم کو گورنر پنجاب، فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی تجویز دی گئی تھی جس پر وزیر اعظم نے اتفاق کر لیا تھا۔