گندم درآمد اسکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے انکوائری کمیٹی آج وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کرے گی۔
انکوائری کمیٹی نے گندم درآمد پر دستاویزات اور متعلقہ ریکارڈ کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دوران تحقیقات رمضان میں درآمد گندم میں کیڑے موجود ہونے اور 13 لاکھ میٹرک ٹن گندم خراب نکلنے کاانکشاف ہوا۔ذرائع کے مطابق گندم درآمد کے ذمہ دار نگراں وزرا کو کمیٹی طلب کرنے کا فیصلہ نہ کرسکی۔
وزیراعظم شہباز شریف کو گندم اسکینڈل پر آج نواز شریف نے بھی طلب کر رکھا ہے۔ملک میں ضرورت کی گندم موجود ہونے کے باوجود درآمد کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گندم در آمد اسکینڈل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ گندم تحقیقاتی کمیٹی نے بلایا تو جاؤں گا، معاملے میں نہ جھول ہے نہ کرائسس ہے اور نہ کرپشن ہے، گندم امپورٹ کے معاملے میں چائے کی پیالی میں طوفان مچایا ہوا ہے۔