مری کے رہائشی نے گائے پر گولی چلا دی

مری کے ایک رہائشی نے پڑوسی کی گائے اپنے کھیت میں آنے پر اسے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق مری کی یونین کونسل سنی بینک سے متصل گاؤں سندھیاں کے مکین فیضان نثار کے مطابق گائے چارے کی تلاش میں پڑوسی کے کھیت میں داخل ہو گئی تھی۔ ملزم نے وجہ معلوم کئے بغیر گائے کو تین گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ گائے اپنے ہی کھیتوں میں گھاس چرتے چرتے پڑوسی کے کھیت میں داخل ہو گئی۔ جب انہیں اچانک فائرنگ کی آواز سنائی دی تو معلوم ہوا کہ ان کی گائے کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

فیضان نثار نے میڈیا کو بتایا کہ گاؤں میں گزر بسر مویشی پال کر ہی ہوتا ہے۔ ان کا خاندان گزشتہ کچھ عرصہ سے اسی پیشے کے ساتھ وابستہ ہے۔ وہ گائے کا دودھ بازار میں جا کر بیچتے تھے اور گھر کے اخراجات پورے کرتے تھے۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی گائے روزانہ 12 کلو تک دودھ دیتی تھی، گائے کے ہلاک ہونے کی وجہ سے انہیں 5 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔