وکلاء پر تشدد اور گرفتاریاں، لاہور ہائیکورٹ بار کا آج ہڑتال کا اعلان

 لاہور میں وکلاء پر تشدد و گرفتاری کے خلاف آج ملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز کی کال پر وکلا کی ہڑتال جاری ہے۔

اس حوالے سے وکلاء رہنماؤں نے لاہور ہائیکورٹ بار میں جنرل ہاؤس اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔پولیس کی اضافی نفری ہائیکورٹ کے اندر اور باہر تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں میں بھی اس سلسلے میں وکلاء کی جانب سے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔کراچی بار ایسوسی ایشن کےعہدیداروں نے سٹی کورٹ میں داخلے کے تمام دروازے مقفل کر دیئے ہیں۔

گوجرانوالہ بار میں بھی وکلا کی ہڑتال ہے۔ صدر بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ عامر منیر کا کہنا تھا کہ وکلاء پر تشدد، آنسو گیس اور شیلنگ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھِی ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ آج صوبہ بھر کی عدالتوں میں وکلاء پیش نہیں ہوئے۔

اس حوالے سے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گرفتار وکلاء کو فوری رہا کر کے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔یاد رہے کہ لاہور پولیس کی جانب سے وکلاء پر تشدد اور ان کی گرفتاریوں کے خلاف پاکستان بار کونسل نے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے۔