سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان مؤخر

 سعودی ولی عہد کا  دورہ پاکستان موخر ہوگیا جس کی تصدیق دفتر خارجہ نے بھی کردی ہے اور دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ جونہی ان کا دورے کا شیڈول طے پاجائے گا وہ عوام کے سامنے لایاجائےگا۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل سرکاری ذرائع نے کہا تھاکہ سعودی ولی عہد 19 مئی کو پاکستان کے دو روزہ دورے پرآئیں گے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ ان کا یہ دورہ اس وقت تک مؤخر ہوگیا ہے۔

یادرہے کہ  سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران دی تھی اور اسے شہزادہ محمد بن سلمان نے قبول بھی کرلیا تھا۔صالح ظافر نے لکھا کہ  ’دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ سے جب اس پیشرفت پر تبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ جیسے ہی دونوں دارالحکومتوں کے درمیان شیڈول پر کام مکمل ہوگا تو آگاہ کردیا جائے گا‘۔

 سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے شہزادہ محمد بن سلمان حج اور عید الاضحیٰ کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کریں ، اب اس کا شیڈول بھی عید کے بعد ہی دونوں ممالک جاری کریں گے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان پہلے بھی دومرتبہ پاکستان کے دورے پر آچکے ہیں۔