پنجاب حکومت کا کسانوں کو کسان کارڈ دینے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری سے انکار کرتے ہوئے کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے کسان کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں حکومت نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں گندم کی خریداری نہیں کی جاسکتی، حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے کسان کارڈ دے گی۔

ادھر اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر نے کہا کہ حکومت نے گندم نہ خرید کر کسانوں کا معاشی قتل کیا، گندم اسکینڈل پر اب تک تحقیقات کیوں نہیں ہوسکی؟گندم امپورٹ کرکے خزانے کو 11 ارب 37 کروڑ کا ٹیکہ لگایا گیا۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری کے عمل میں غفلت برتنے پر پاسکو کے ایم ڈی اور جی ایم پروکیورمنٹ کومعطل کردیا تھا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت گندم کی طلب، رسد اور خریداری پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم نے استفسار کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل کے لیے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نا کروائی گئی ؟ وزیراعظم نے گندم خریداری کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت برتنے پر پاسکو کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور جنرل مینیجر پروکیورمنٹ کو معطل کردیا۔