فیس بک ورک پلیس کو بند کر نے کا فیصلہ

کیلیفورنیا: میٹا کی جانب سے ورک پلیس نامی فیس بک کے آفس کمیونیکیشن پلیٹ فارم کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

فیس بک ورک پلیس کو مائیکرو سافٹ ٹیمز اور سلیک جیسے آفس کمیونیکیشن پلیٹ فارمز کے مقابلے پر متعارف کرایا گیا تھا مگر اب اسے بند کیا جا رہا ہے۔

میٹا کے ایک ترجمان کی جانب سے ورک پلیس کو بند کرنے کی تصدیق کی گئی۔ ترجمان کے مطابق یہ پلیٹ فارم صارفین کو 31 اگست 2025 تک دستیاب ہو گا۔

اسے پہلے فیس بک ایٹ ورک کہا جاتا تھا اور 2016 میں اسے عوامی طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ بنیادی طور پر اسے 2014 میں تیار کیا گیا تھا اور 2 سال تک کمپنی کے اندر اسے استعمال کیا گیا، پھر کاروباری اداروں کے لیے متعارف کرایا گیا۔

ورک پلیس کی بندش کے فیصلے کے پیش نظر میٹا کی جانب سے اس سروس کو استعمال کرنے والے صارفین کو ستمبر 2024 سے 50 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔