کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ، نویں اور دسویں کے امتحانات ملتوی

کراچی میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیشِ نظر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت جاری نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے، جب کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی 22 مئی کے بجائے اب 27 مئی سے شروع ہوں گے۔

اس حوالے سے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ جس کے مطابق 21 سے 27 مئی کے درمیان میٹرک بورڈ کے پرچے نہیں ہوں گے۔

میٹرک کا 28 مئی کا ہونےوالا پرچہ شیڈول کے مطابق لیا جائےگا۔ جماعت نہم و دہم کے ملتوی ہونے والے پرچوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہیٹ ویوز کے پیش نظر انٹر میڈیٹ کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ محمد علی ملکانی کی سفارش پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کرنے کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق انٹر کے امتحانات 22 مئی کے بجائے اب 27 مئی سے شروع ہوں گے۔