فرانس میں منعقدہ فلموں کے سب سے بڑے میلے ’77 کانز فلم فیسٹیول 2024‘ میں بھارتی و پاکستانی اداکاروں کے منفرد ملبوسات سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے اداکاروں کے لباس کو بےحد پسند بھی کیا جارہا ہے جبکہ بعض اداکاروں کے لباس کو مداح ’عجیب و غریب‘ اور ناپسند بھی قرار دے رہے ہیں۔اسی دوران بھارت سے تعلق رکھنے والی پنجابی گلوکارہ سنندا شرما نے دنیا کے سب سے بڑی فلمی میلے میں قمیص شلوار پہن کر شرکت کرکے سب کے دل جیت لیے۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنندا شرما نے کانز فیسٹیول میں شرکت کے لیے آف وائٹ فراک اور دوپٹے کے ساتھ نوز رنگ، بِندی اور گولڈن سینڈل پہن رکھی ہے۔
اِس پلیٹ فارم پر پنجابی ثقافت کی نمائندگی کرنے پر فخر اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سنندا نے کہا کہ ’کانز فلم فیسٹیول میں اپنی ثقافت کی نمائندگی کرنا ایک ناقابل یقین اعزاز ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہاں آنا صرف میری ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پوری پنجابی کمیونٹی کی فتح ہے، مجھے امید ہے کہ یہ دوسروں کو اپنا کلچر فخر سے اپنانے اور اسے سیلبریٹ کرنے کی ترغیب دے گا‘۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سنندا شرما کے روایتی لباس کے انتخاب کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور سراہا جارہا ہے۔سنندا شرما کا میوزک کیریئر 2016 میں ان کے پہلے گانے ’بلی اکھ‘ سے شروع ہوا تھا جو بہت جلد ہٹ ہو گیا، 2017 میں ریلیز ہونے والے گانے’پٹاخے‘نے ان کی شہرت میں راتوں رات اضافہ کردیا، اس گانے نے یوٹیوب پر لاکھوں ویوز حاصل کیے۔
گلوکاری کے علاوہ سنندا شرما نے اداکاری میں بھی قدم رکھا، انہوں نے پنجابی فلم انڈسٹری میں اداکاری کا آغاز 2018 میں فلم ’سجن سنگھ رنگروٹ‘ سے کیا، جس میں انہوں نے مقبول گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔