تعلیمی اخراجات کے لیے ڈیجیٹل قرض کے حصول کو آسان بنانے کے لیے اہم اقدام سامنے آیا، جس کے تحت طلباء اپنے قرضوں کے لیےآسانی سے درخواست دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹیزاینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایڈوفی فنانشل سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو نان بینکنگ فنانشل کمپنی لائسنس دے دیا ہے ، یہ ادارہ پاکستان میں اسٹڈی ناؤ، پے لیٹر اقدامات کے لیے پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔
ايس آئی ایف سی کے تحت قائم کئے گئے تعلیمی اہداف کو حاصل کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پاٹنرشپ کا اولین منصوبہ ہے۔صارفین کو بہتر تعلیمی سہولت فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے مختلف ڈیجیٹل قرضوں کے کاروباری ماڈلز کو تسلیم کیا ہے جو باآسانی قرض کے حصول کے لئے سہولیات پیش کرتے ہیں۔
سال 2023 کاسرکلر 12انویسٹمنٹ فنانس سروسز کے دائرہ کار میں مخصوص لائسنسنگ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے جاری کیا گیا تھا۔ڈیجیٹل قرض کے لائسنس کے تحت سٹڈی ناؤ، پے لیٹرمنصوبے کا تعارف طلباء کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے قرض حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مالی امداد کی پیشکش کرکے کم آمدنی والے طلباء کے لیے فنڈنگ کی رکاوٹوں اور مہنگے تجارتی مطالعاتی قرضوں پر انحصار کو کم کرنا ہے۔
ایڈوفی فنانشل سروسز جو اب اس شعبے میں سرخیل ہے، جس سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ پاکستان میں تعلیمی قرضوں کے انتظام کو تبدیل کرنے میں رہنمائی کرے گی۔
کمپنی ایک صارف دوست ڈیجیٹل انٹرفیس تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو درخواست کے عمل کو ہموار کرے گا اور انفرادی طلباء کے مالی حالات کے مطابق ادائیگی کے لچکدار منصوبے پیش کرے گا۔ڈیجیٹل عمل کے ذریعے طلباء اپنے قرضوں کےلیےآسانی سے درخواست دے سکتے ہیں اور ان کا انتظام کر سکتے ہیں، جس سے وہ مالی مشکلات پر پریشان ہوئے بغیر اپنی پڑھائی پر توجہ دے سکتے ہیں۔جیسا کہ ڈیجیٹل فنانسنگ کا یہ نیا باب کھل رہا ہے، اس میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند ہر پاکستانی طالب علم کے لیے تعلیم کو قابل رسائی اور سستی بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔