وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج بھی سنبھال لیا۔
سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور دیگر حکام نے گزشتہ روز وفاقی وزیر کو ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن آمد پر خوش آمدید کہا اور امور پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی ورثہ اورثقافت ڈویژن کی ذمے داری میرے لیے اعزاز اور اہم چیلنج ہے۔ پاکستان کی تاریخ اور ثقافت انتہائی متنوع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافت ہماری قومی شناخت کا اہم جزو ہے، پاکستان مضبوط ثقافتی ورثوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ پاکستان کی ثقافت، موسیقی اور ڈرامے کے ذریعے ملک کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ثقافت اور فنکار برادری کی بہتری اور ترقی کے لیے کام کریں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن نے قلمدان سونپنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ عطا تارڑ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے بھی وزیر ہوں گے۔