ایم کیو ایم کی 5 قراردادیں سندھ اسمبلی میں جمع

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ارکانِ سندھ اسمبلی نے اہم مسائل سے متعلق 5 قراردادیں ایوان میں جمع کرا دیں۔

ایم کیو ایم نے قرارداد میں عباسی شہید اسپتال میں نیورو سرجری کا شعبہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ نیورو سرجری کا شعبہ غیرفعال ہے جس سے مریضوں کو مشکلات ہیں۔

متحدہ ارکان اسمبلی نے کے ایم سی اور لوکل گورنمنٹ کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے بھی قرارداد جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے حصول میں رکاوٹیں ختم کر کے فوری پنشن دی جائے۔

سرکاری اسکولوں میں پرائمری سطح پر آئی ٹی کی تعلیم لازمی قرار دینےکی قرارداد بھی جمع کرائی گئی ہے۔

ایم کیوایم ارکان نے سندھ حکومت سے عبداللّٰہ شاہ غازی کے عرس پر عام تعطیل کا مطالبہ بھی کیا ہے اور عبداللّٰہ شاہ غازی کے نام پر نئی ٹرین سروس شروع کرنے یا موجودہ کسی ٹرین کا نام ان کے نام پر رکھنے کی قرارداد بھی جمع کرائی ہے۔یہ قراردادیں انجینئر اعجاز الحق، مظاہر امیر، بلقیس مختار، فرح سہیل اور سکندر خاتون نے جمع کرائیں۔