وزیراعظم شہباز شریف آج ایران کے دورے پرروانہ ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف آج ایران کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سےجاری بیان کےمطابق وزیراعظم ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر افراد کی حادثے میں انتقال پرتعزیت کریں گے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارسمیت دیگر وزراء بھی وزیراعظم کے ساتھ جائیں گے۔

وزیراعظم ایرنی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی اورقائم مقام صدرڈاکٹر محمد مخبر سے بھی ملیں گے۔ہیلی کاپٹرحادثےمیں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نمازجنازہ آج تہران میں ادا کی جائے گی،ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای جنازہ پڑھائیں گےجس میں کئی سربراہاں مملکت اور دیگر عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

اس سےپہلےتبریزمیں لاکھوں لوگوں نےان کےجسد خاکی کوالوداع کہا،تہران ائیرپورٹ پر چاق و چوبند دستے نےسلامی دی۔قم شہرمیں حضرت معصومہ کے روضے پر بھی حاضری دی گئی،ایران کے تمام بڑےشہروں میں لاکھوں افراد نے اپنے لیڈر سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔صدر رئیسی کی تدفین ان کے آبائی شہر مشہد میں کی جائے گی۔