اسلام آباد :غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ، اب ایل پی جی کاروبار صرف مجاز ڈسٹری بیوٹرکرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کیخلاف کارروائی کافیصلہ کرلیا۔اوگرا نےغیر معیاری سلنڈروں میں ایل پی جی کی ری فلنگ کوغیرقانونی اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیرمعیاری سلنڈروں میں ایل پی جی فروخت کرنیوالوں اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ملک بھر میں 313ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں ہیں، انیس سلنڈر بنانے والی کمپنیوں کونوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔
اوگرا نے غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرزکی خرید و فروخت پر پابندی بھی عائد کر دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اوگرا حکام نے کہا کہ ایل پی جی کا کاروبار صرف مجاز ڈسٹری بیوٹر ہی کر سکیں گے، غیرمجازڈسٹری بیوٹرزکو ایل پی جی فروخت کرنے پرمارکیٹنگ کمپنیوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔اوگرا کا کہنا تھا کہ یل پی جی کے کاروبار کے نئے ضابطہ اخلاق بنا دئے گئے، غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز پھٹنے کے حادثات بہت بڑھ چکے تھے، اوگراقانون سازی سے کاروبار اور جانوں کو محفوظ بنا رہی ہے۔