اسلام آباد:ملک میں کانگو وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع قومی ادارہ صحت کے مطابق کانگو کیس 14 مئی کو چارسدہ کے علاقے پڑانگ سے رپورٹ ہوا تھا جہاں سے مریض کو پشاور کے خیبر ٹیچنگ لایا گیا جہاں وہ اسپتال میں زیرعلاج تھا۔
ذرائع کے مطابق کانگو وائرس کا مریض 19 مئی کو پشاور میں انتقال کر گیا تھا۔کانگو وائرس کا شکار 18 سالہ لڑکا گلہ بانی کے پیشے سے وابستہ تھا، کانگو مریض کو 17 مئی کو خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور لایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق 18 مئی کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں مریض میں کانگو کی تصدیق ہوئی، مریض علامات ظاہر ہونے سے سات روز قبل جانور خریداری کیلئے لاہور گیا تھا۔
یاد رہے گزشتہ روز بھی راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں کانگو وائرس کے 2 مریض انتقال کرگئے تھے۔
ڈی ایم ایس بینظیر بھٹو اسپتال ڈاکٹر جنید نےنجی چینل سےگفتگو میں بتایا تھا کہ کانگو جان لیوا وائرس ہے اور اس سے بچاؤ کے امکانات صرف 10 فیصد ہیں،کانگو وائرس جانوروں سے انسان اور انسان سے انسان میں منتقل ہوتا ہے۔
ڈاکٹر جنید کا کہنا تھا کہ مسوڑوں، ناک اور فضلے میں خون آنا اور تیز بخار کانگو وائرس کی علامات ہیں۔