کراچی کی تاریخ میں پہلی بار جھونپڑیوں کی رجسٹریشن شروع

کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھونپڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا، جس میں جھونپڑی میں کون رہائشی؟ کون رشتہ دار کون مہمان؟ سب بتاناہوگا۔تفصیلات کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کا اہم قدم اٹھاتے ہوئے کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھونپڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے۔

کراچی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے سپرہائی وے پر جمالی پل کے نزدیک جھونپڑیوں کے مکینوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا۔ پولیس کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ملزمان ہائی وے پر وارداتیں کرنے کے بعد جھونپڑیوں میں پناہ لیتے ہیں۔ایسٹ پولیس کی نفری جمالی پل اور اطراف میں پہنچ گئی، جس میں انٹیلجنس افسران اور ٹیکنیکل عملہ بھی شامل ہے۔اس حوالے سے پراجیکٹ کے انچارج ڈی ایس پی احمد اقبال کا کہنا ہے کہ ہرجھونپڑی کو نمبرالاٹ کرکے جیوٹیگنگ کی جارہی ہے، پراجیکٹ کا جمالی پل سے آغازکا مقصد جمالی پل ہاٹ اسپاٹ ایریا ہے، جہاں جرائم کی وارداتیں زیادہ ہوتی ہیں۔

ڈی ایس پی احمد اقبال کہتے ہیں کہ بہت سے جرائم پیشہ افراد جھونپڑیوں میں سکونت اختیار کرتے ہیں۔ جھونپڑیوں کے تمام مکینوں کی تصدیق کی جائے گی۔ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے بھی فنگر پرنٹس لیے جائیں گے۔ہر جھونپڑی ایک نمبر دے کر جیو ٹیگنگ کی جائے گی۔ ڈیوائس کے ذریعے ایک ایک شخص کو چیک کیا جائے گا۔ رہائش رکھنے والوں اور مہمانوں یا عارضی قیام کرنے والوں کے علاوہ آنے جانے والوں کو بھی چیک کیا جائے گا۔

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کا کہنا تھا کہ ان جگہوں پر جرائم کی وارداتیں زیادہ ہوتی ہیں، جہاں جھونپڑیاں اور جگیاں موجود ہوتی ہیں، اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے حوالے سے جمالی پُل ہاٹ اسپاٹ ہے۔ بیشتر ملزمان واردات کے بعد بھاگ کر جھونپڑیوں میں پناہ لیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تمام تر کام کو انجام دینے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ،یہ سب رجسٹرڈ ہو جائے گے تو معلومات ہو جائے گی کون آرہا ہے اور کون جا رہا ہے۔

جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ذریعے ملزمان کے گھر گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ جھونپڑیوں کا ڈیٹا جرائم پیشہ افراد کی تلاش میں بروئے کار لایا جائے گا۔