مشی خان کی ملالہ یوسفزئی پر کڑی تنقید

مشی خان نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفاک اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین میں معصوم بچوں کا بیدردی سے قتل کیا جارہا ہے اور ملالہ اداکاری میں مصروف ہیں۔

اداکارہ مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ ملالہ کا گرل بن کر ہالی ووڈ کی کامیڈی ویب سیریز میں آرہی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ بڑے ہی افسوس اور شرم کی بات ہے کہ فلسطین میں معصوم بچوں کا بے رحمی سے قتل کیا جارہا ہے اور ہماری نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی غزہ کے لیے اپنی آواز بلند کرنے کے بجائے کا گرل بن کر گھوڑے پر سوار ہوکر اداکاری کررہی ہیں۔

ادکارہ مشی خان نے ملالہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے اوپر تو بچوں، نوجوان لڑکیوں اور خواتین کے حق کے لیے بولنے کی ذمہ داری عائد ہے لیکن آپ اپنے فرائض سرانجام دینے کے بجائے اداکاری کررہی ہیں۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ نے اداکاری ہی کرنی تھی تو پہلے ہی اس شعبے میں آجاتیں، نوبل انعام لینے کی کیا ضرورت تھی، ملالہ آپ جو کررہی ہیں یہ بہت شرم کی بات ہے، آپ کو سوچنا چاہیے۔