توہینِ عدالت کیس: فیصل واؤڈا،مصطفیٰ کمال سپریم کورٹ پہنچ گئے

سینیٹر فیصل واؤڈا اور ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان پہنچ گئے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کچھ دیر بعد سماعت کرے گا۔جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بینچ میں شامل ہیں۔

سینیٹر فیصل واؤڈا کی جانب سے وکیل معیز احمد جبکہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے وکیل فروغ نسیم عدالت پیش ہوں گے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ممبرانِ قومی اسمبلی ارمغان سبحانی، انجم عقیل سپریم کورٹ پہنچ گئے۔

کمرۂ عدالت میں حکومتی اتحاد کے سینیٹرز و ارکانِ پارلیمنٹ کی بڑی تعداد موجود ہے۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے فیصل واؤڈا اور مصطفیٰ کمال کو بادی النظر میں توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیا تھا۔عدالتِ عظمیٰ نے دونوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔مصطفیٰ کمال نے جواب میں غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا۔

فیصل واؤڈا نے اپنے جواب میں معافی مانگنے سے انکار کر دیا تھا۔سپریم کورٹ نے کیس میں اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس بھی جاری کیا تھا۔سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر فیصل واؤڈا کے خلاف از خود نوٹس لیا تھا۔