بھارتی ریپر بادشاہ کس پاکستانی گلو کارہ کے دیوانے

بھارتی ریپر ادتیا پراتیک سنگھ سیسوڈیا عرف بادشاہ نے پاکستانی لیجنڈری گلوکارہ نازیہ حسن کے مداح ہونے کا اعتراف کرلیا۔

سال 2006 میں ہِپ ہوپ میوزک بینڈ ‘مافیا مندیر’ سے کریئر کا آغاز کرنے والے گلوکار بادشاہ موسیقی کے متوالوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔

بادشاہ کے ریپ کے بول اور ان کے گانوں کی شاندار میوزک کا جادو گزشتہ چند سالوں میں اس قدر چل چکا ہے کہ اب بالی وڈ کی فلموں میں بادشاہ کے ریپ لازمی شامل کیے جاتے ہیں۔

بادشاہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ دوستی کے سبب بھی چرچوں میں رہے اور بھارتی میں دونوں کے افیئر کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں لیکن بادشاہ نے حال ہی میں یہ انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی ان کی سب سے پسندیدہ شخصیت ہانیہ عامر نہیں بلکہ کوئی اور ہیں۔

بادشاہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں ایک مداح نے سوال کیا کہ ’آپ کی پاکستان میں سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیت کون ہے؟‘

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بادشاہ نے لکھا کہ ’ ویسے تو چند اور بھی ہیں لیکن ان میں سب سے زیادہ پسندیدہ یہ ہیں‘۔اگرچہ بادشاہ نے جواب میں نازیہ حسن کا نام نہیں لکھا لیکن اسٹوری میں نازیہ حسن کی تصویر لگا کہ اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین بادشاہ کے اس جواب کو بے حد پسند کر رہے ہیں جبکہ متعدد نازیہ حسن کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں۔

خیال رہے کہ نازیہ حسن نے اپنی بہترین گلوکاری اور منفرد فیشن سینس کے ساتھ پاکستانی میوزک انڈسٹری مین اپنا منفدر مقام بنالیا تھا اور اس کے ساتھ ہی وہ پاکستانی عوام کے دلوں پر بھی راج کرتی تھیں۔

معروف گلوکارہ 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور فقط 15 سال کی عمر میں گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے پاکستانی موسیقی میں نئی جہت متعارف کرائی اور وہ فقط 35 سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوگئی تھیں اور 13 اگست 2000 کو لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئیں۔