پاک فوج کے زیلی ادارے فوجی فاؤنڈیشن نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کو جاپان میں اپنا کارپوریٹ ایمبیسڈر مقرر کر دیا ہے۔
رانا عابد حسین فوجی فاؤنڈیشن کے جاپان میں اوورسیز ایمپلائمنٹ سروسز کے شعبے میں فوجی فاؤنڈیشن کی رہنمائی کریں گے۔
اس حوالے سے فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رانا عابد حسین کی پاک جاپان تعلقات کے شعبے میں بہترین خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں جاپان میں فوجی فاؤنڈیشن کا کارپوریٹ سفیر نامزد کیا جا رہا ہے جس کے بعد توقع ہے کہ رانا عابد حسین اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان سے زیادہ سے زیادہ ورک فورس جاپان بلوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس اہم عہدے کے بعد رانا عابد حسین کو جاپان کے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں سے رابطے اور معاملات کو آگے بڑھانے میں آسانی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے فوجی فاؤنڈیشن اوورسیز ایمپلائمنٹ سروسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل (ر) محمد اصغر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت خوشی اور فخر کی بات ہے کہ ان پر اعتماد کیا گیا اور اب وہ اپنے کام سے پاکستان کے بہترین نتائج دیں گے اور کوشش کریں گے کہ ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی ہنر مند جاپان کے کاروباری اداروں میں ملازمت حاصل کرسکیں۔
رانا عابد حسین نے فوجی فاؤنڈیشن او ای ایس کے سی ای او کرنل (ر) ظیغم خان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کاوشوں اور اعتماد سے پاکستان کے لیے بہترین نتائج کے حصول کے لیے کام کریں گے۔
رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ فوجی فاؤنڈیشن اوورسیز ایمپلائمنٹ سروسز کا نمائندہ سفارتخانے میں بھی تعینات ہو تا کہ سفارتخانے کے ساتھ مل کر پاکستان کے لیے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکیں۔