شوگر ایڈوائزری بورڈ نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد: شوگر ایڈوائزری بورڈ نے شوگر ملز مالکان کی درخواست پر چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نےاضافی چینی کی برآمد کی اجازت دینے کی تیاری کرلی ہے اور  پہلے مرحلے میں ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چینی کی برآمد کے لیے سمری جلد ای سی سی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مزید چینی کی برآمد کا فیصلہ مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلو سے اوپر نہیں جانے دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ ہوگا اور مارکیٹ میں چینی کی قیمت بڑھنے نہیں دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق شوگر ملز مالکان نے 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کا مطالبہ کیا تھا اورپہلے مرحلے میں 5 لاکھ ٹن چینی کی برآمد کے لیے اجازت مانگی تھی۔ذرائع کے مطابق  وزیراعظم نے حال ہی میں چینی کی برآمدکاجائزہ لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔