بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت رواں سال بھارت میں ہونے والے انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ پرانتخابات میں حصہ لیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چوبیس مارچ اتوار کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے لئے ایک سو گیارہ امیدواروں کی اپنی پانچویں فہرست جاری کی جس میں بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کا نام بھی شامل تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر ہماچل پردیش کے شہر مندی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے لئے امیدوار ہیں۔

بی جے پی کی جانب سے ٹکٹ ملنے پر کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہمیشہ میری غیر مشروط حمایت حاصل رہی ہے۔

کنگنا رناوت کا مزید کہنا تھاکہ بی جے پی کی قومی قیادت نے مجھے میری جائے پیدائش ہماچل پردیش سے اپنا لوک سبھا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے اس کے لئے میں بی جے پی قیادت کی شکر گزار ہوں اور باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے پر فخر وانبساط محسوس کررہی ہوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میں الیکشن جیت کر اپنی خدمات سے ایک قابل اعتماد سرکاری ملازم بننے کی خواہشمندہوں۔