امریکہ میں 100 سالہ مرد اور 96 سالہ خاتون نے شادی کا فیصلہ کرلیا

کیا ہی مبارک گھڑیا ں ہیں۔شادمانی کی راتیں ہیں اور مسرتوں کے دن 100 سال کے ایک سابق امریکی فوجی اور 96 سالہ جین سوارلن کے لئے جنھوں نے 2 سال کے آپسی تعلق کے بعدباقاعدہ دولہا دلہن بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیرالڈ ٹیرنس اور ان کی منگیتر جین سوارلن نے اپنی شادی کی تقریب فرانس میں منعقد کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔

اس کا باعث یہ ہے کہ فرانس وہ پہلا ملک تھا جہاں دوسری جنگ عظیم کے دوران ہیرالڈ ٹیرنس نے 20 سالہ امریکی فضائیہ کے پائلٹ کے طور پراپنا مستقبل آغاز کیا تھا۔

ہیرالڈ کو جون 2024 میں فرانس کی 80ویں آزادی کی سالگرہ کے موقع پر حکومت کی جانب سے اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔ اور یہ اعزاز انھیں فرانس کو نازیوں سے آزاد کروانے کیلئے بطور امریکی فوجی شاندارخدمات کی انجام دہی پر دیا جائے گا۔

ہیرالڈ نے مقامی نیوز چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ حکومتی تقریب کے بعد ہی وہ جین سے اس ساحل کے قریب ایک قصبے میں شادی کریں گے جہاں انہوں نے دیگر امریکی فوجیوں کے ساتھ فرانس میں داخل ہوتے وقت پہلا قدم رکھا تھا۔

ہیرالڈ نے اپنی 96 سالہ منگیتر کے بارے میں بتایا کہ میں اس لڑکی سے بہت پیار کرتا ہوں، یہ میرے لیے بہت خاص ہے۔ علاوہ ازیں ہم رقص کا مشترکہ شوق بھی رکھتے ہیں۔

دوسری جانب منگیتر جین سوارلن کا اپنے ہونے والے شوہر کے بارے میں کہنا تھا ہیرالڈ ایک زبرست آدمی ہیں، وہ مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں، اور نہ صرف پیار کرتے ہیں بلکہ اس کا برملا اقراربھی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس شادی سے قبل دونوں کے شریک حیات انتقال کرچکے ہیں۔ اور ان دونوں ہونے والے میاں بیوی کی خورش پورش نیو یارک میں ہی ہوئی ہے۔ ہیرلڈ کا تعلق بروکلین سے ہے جبکہ جین برونکس سے تعلق رکھتے ہیں۔