مولانا فضل الرحمٰن کا 25 اپریل سے تحریک چلانے کا اعلان

سربراہ جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے 25 اپریل سے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بیان میں کہا کہ ہم ان انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرتے۔ بلوچستان سے 25 اپریل کو تحریک کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے اور اس کے لئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اجتماعات کو عوامی اسمبلی کا نام دیتے ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ 25 اپریل کو پشین میں جلسہ کیا جائے گا جس میں بلوچستان کے عوام شرکت کریں گے۔ کراچی میں عوامی اسمبلی کا انعقاد 2 مئی کو اور 9 مئی کو پشاور میں جلسے کا انعقاد ہوگا جس کے بعد لاہور کے لیے تاریخ کا اعلان کریں گے۔

اس سلسلے میں دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کررہے ہیں۔ تاکہ عوام کی صفوں کو متحد کیا جاسکے۔

سربراہ جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ یہ پارلیمنٹ عوام کی کم اسٹیبلشمنٹ کی نمائندہ زیادہ ہے۔۔الیکشن کمیشن بے بس ہے۔ان کو نتیجہ مرتب کرنے کی اجازت نہیں۔ اداروں کی طرف سے بھیجے گئے نتائج کی وجہ سے الیکشن کمیشن میں دم خم نہیں رہا۔

سول بیورکریسی میں مداخلت ہورہی ہے۔ ان کے آئینی وقانونی اختیارات میں خفیہ ادارے اور ایجنسیاں مداخلت کررہی ہیں۔