پاکستان سکیورٹی رسک کو ختم اور دہشتگرد حملے کی تحقیقات کرے: چین کا مطالبہ

چین نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ذاتی منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔

دارالحکومت بیجنگ میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ لی جیان نے کہا ہے کہ دہشت گرد حملے کے بعد چین نے انٹر ایجنسی ورکنگ گروپ پاکستان بھیجا اور اٹھائیس مارچ کو ورکنگ گروپ پاکستان پہنچا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ورکنگ گروپ نے پاکستان میں سفارتخانے اور متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ ایمرجنسی رسپانس شروع کردیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے شعبہ خارجہ سلامتی کے ڈی جی بائی تیان ورکنگ گروپ کے سربراہ ہیں۔

ترجمان کے مطابق بائی تیان نے پاکستانی وزیرمملکت خارجہ، وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ سے ملاقات کی اور پاکستان سے کہا کہ وہ جلد اور مکمل کارروائی کرے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے واضح کیاکہ دہشت گرد حملے کی تحقیقات اور سکیورٹی رسک کو مکمل ختم کیا جائے اور چینی عملے کے اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان ہر ممکن کوشش کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شانگلہ میں گاڑی پر خودکش حملے میں پانچ چینی باشندے ہلاک ہوگئے تھے۔

چینی انجنیئرز اسلام آباد سے داسوکیمپ میں جا رہے تھے جبکہ ہلاک افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔