کچے کے ڈاکو کراچی کے تاجروں کا سنگین ترین مسئلہ ء لاینحل

کراچی کے تاجروں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے فی الفور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

قائم مقام صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز الطاف غفار کے بیانیے کے مطابق سندھ کی تمام شاہراہوں پر ڈاکو راج ہے، قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور لوٹ مار سمیت مجرمانہ سرگرمیاں انتہائی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہیں۔

شام کے بعد سندھ کی شاہراہوں سے گزرنا تقریباً ناممکن ہے، لاقانونیت کے باعث مال بردار گاڑیاں سامان لے جانے سے انکار کر دیتی ہیں۔

الطاف غفار کا کہنا تھا کہ ڈاکو سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر مقررہ جگہوں پر لوٹ مار کرتے ہیں۔

اور اب تو معاملہ اس حد تک سنگین ہوچکا ہے کہ سندھ کے کچے کے علاقے تک محدود مجرمانہ سرگرمیاں شاہراہوں تک آگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کے لئے سامان کی ترسیل عذاب ناک صورت اختیار کرگئی ہے۔

دوسری جانب سامان کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہونے سے نقل و حمل کی لاگت میں بھی اضافہ ہورہاہے۔

قائم مقام صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف فوری آپریشن کریں۔