ترک صدر رجب طیب اردگان نے بلدیاتی انتخابات میں انقرہ اور استنبول سمیت بڑے شہروں میں اپنی جماعت اے کے پارٹی کی بدترین شکست پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، نتائج کا جائزہ لیں گے اور اپنا احتساب کریں گے۔
ترک صدرکا کہنا تھاکہ ترک عوام نے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کے ذریعے سیاست دانوں کو اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔
لیکن طیب اردگان اس شکستہ دلی کے باوجود حوصلہ ہارتے ہوئے کہیں نظر نہیں آئے۔انھوں نے ببانگ دہل کہا کہ اکتیس مارچ ہمارے لیے اختتام نہیں ٹرننگ پوائنٹ ہے۔
مئی دوہزارتیئس کے الیکشن میں فتحیاب ہونے کے باوجودہم نو ماہ کی مدت میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے۔
لہذاٰاب ہم اپنی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔واضح رہے کہ ترکیہ بلدیاتی انتخابات نے ترکی میں صفحہ ء انتخاب بالکل الٹ کر رکھ دیا ہے۔
حزب اختلاف کے امیدواروں کو انقرہ اور استنبول سمیت پندرہ شہروں میں زبردست فتح نصیب ہوئی ہے۔ حکومتی اے کے پارٹی جگہ جگہ شکست سے دوچار ہے جبکہ حزبِ اختلاف کی ریپبلکن پیپلز پارٹی نے سترسال بعد تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔استنبول کے میئر امام اوغلو کو تقریباًدس پوائنٹس کی برتری حاصل ہوئی۔ جبکہ انقرہ میں موجودہ اپوزیشن میئر منصور یاواش کی جیت کا جشن منانے کیلئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔