دریائے سندھ کا پانی زہریلا ہو رہا ہے، وزیرخوراک و آبپاشی سندھ

وزیر خوراک و آبپاشی سندھ جام خان شورو کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر پانی میں ٹی ڈی ایس(ٹوٹل ڈیزالووڈ سولڈز)کی مقدار بہت زیادہ بڑھ رہی ہے۔ جس کے باعث پانی زہریلا ہو رہا ہے۔

اپنے تازہ ترین بیانیے میں وزیر خوراک و آبپاشی سندھ جام خان شورو کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کے شہریوں پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔اور یہ مسئلہ پانی کو ابال کر استعمال کرنے سے بھی حل نہیں ہورہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دریائے سندھ کوٹری بیراج کے مقام پر پانی میں ٹی ڈی ایس(ٹوٹل ڈیزالووڈ سولڈز) اس قدر بڑھ چکا ہے کہ اس نے پانی کو زہریلا کردیا ہے۔

وزیرموصوف کے مطابق ارسا کا کہنا ہے کہ سندھ کو پانی نہیں دیا جا رہا،اور یہ کہ ہم سکھر بیراج سے اضافی پانی چھوڑ رہے ہیں تاکہ کوئی سانحہ نہ ہو۔

انھوں نے مزید کہا کہ دوہزارپانچ میں بھی پانی زہریلا ہونے سے سینکڑوں اموات واقع ہوئی تھیں۔آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹی ڈی ایس کا مطلب ہے کل تحلیل شدہ ٹھوس، اوریہ پانی میں تحلیل شدہ مادوں کے کل ارتکاز کو ظاہر کرتا ہے۔

ٹی ڈی ایس غیر نامیاتی نمکیات کے ساتھ ساتھ تھوڑی مقدار میں نامیاتی مادے سے بنا ہے۔ عام غیر نامیاتی نمکیات جو پانی میں پائے جاتے ہیں۔ ان میں کیلشیم، میگنیشیم، پوٹاشیم اور سوڈیم شامل ہیں، جو کہ تمام کیشنز ہیں، اور کاربونیٹ، نائٹریٹ، بائک کاربونیٹ، کلورائیڈ اور سلفیٹ بھی شامل ہوتے ہیں۔

لیکن معین مقدار میں نہ ہونے کے باعث یہ جانداروں کے لئے زہر ِ قاتل بن جاتے ہیں۔واضح رہے کہ ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک کے انتیس بڑے شہروں کا پانی زہریلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

جبکہ ماہرین کے مطابق کراچی کا مشہور ومعروف سی ویوساحل ماقبل ’زہریلا‘ ہوچکا ہے۔ اور اس پانی میں جانا صحت وتندرستی کے لئے نقصان دہ ہے۔