لیبر ڈے یکم مئی

تو قادر و عادل ہے مگر تیرے جہاں میں ……ہیں تلخ بہت بندہ ء مزدور کے اوقات، کب ڈوبے گا سرمایہ پرستی کا سفینہ ……دنیا ہے تیری منتظر ِ ِ روز ِ مکافات……

شاعر مشرق کے یہ اشعار آج بھی اسی نوحے کی بازگشت سناتے ہیں جن سے دنیا کو صدیوں سے واسطہ ہے۔اگر چہ یکم مئی لیبر ڈے مزدوروں کی محنت ومشقت اور ان کی اہمیت کو خراج ِ تحسین پیش کرنے کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔اور یہ وہ دن ہے جو مکمل طور پر مزدور طبقے کے لیے وقف ہے۔

لیکن خود وطن ِ عزیز پاکستان میں بھی یکم مئی کے روزلاتعداد مزدور اس دن کی شناخت سے لاعلم نان ِ جویں کے حصول کے لئے گھروں سے باہرنکلتے ہیں کہ ان کے لئے کوئی دن روز ِ مکافات نہیں ہے۔

کہنے کویوم مزدور کی کہانی انڈسٹری ایج کے عروج کے ساتھ شروع ہوئی۔ جیساکہ بتایا جاتاہے صنعتکارآج سے تقریباً ایک صدی قبل مزدور طبقے کا استحصال کر رہے تھے۔

ان سے کام توان کی استعدا دسے زیادہ لیا کرتے تھے لیکن معاوضہ بقدر ِ بادام دیا کرتے تھے۔ مزدوروں کو انتہائی مشکل حالات میں دن میں 10-15 گھنٹے کام کرنے پر مجبور کیا جاتاتھا۔

یہاں تک کہ کیمیکل فیکٹریوں، بارودی سرنگوں اور اسی طرح کی دوسری جگہوں پربنا حفاظتی اقدامات کے مزدور طبقے سے کام لیا جاتااور ان کی جانوں کی بالکل پرواہ نہ کی جاتی۔

یہ سلسلہ دنیا بھر میں رائج تھا۔بالآخر ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مزدووں نے متحد ہو کر اس ظلم کے خلاف آواز بلندکی۔ اور اسی زمانے میں ٹریڈ یونینز کی بنیادبھی رکھی گئی مزدوروں کی بڑی تعداد ہڑتال پر چلی گئی۔

ریلیاں اور زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔حکومت نے اس کشاکش کو قوت وطاقت سے کچلنے کی بہتیرے کوشش کی لیکن آخر کار ظلم ہار گیا اور مظلومیت فتحیاب ٹھہری ۔دنیا میں پہلی مرتبہ کام کرنے کے اوقات مقرر کر کے 8 گھنٹے کر دیئے گئے۔

اسی طرح اس طبقے کی کاوشوں کو منانے کے لیے یکم مئی کا خاص دن بھی مقرر کیا گیا۔برصغیر پاک وہندمیں یوم مزدور یا یوم مئی سب سے پہلے یکم مئی 1923 کوبھارتی ریاست چنئی میں منایا گیا۔

تقسیم ہند کے بعد یہ دن بھارت اور پاکستان میں یوم مئی یا یوم مزدور کے طورپرمنایا جانے لگااور اس روز قومی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا۔

دراصل یومِ مزدوریا لیبر ڈے کی اہمیت دنیا بھر میں اس وجہ سے ہے کہ اس دن دنیا بھر کے مزدور منظم اور ٹھوس انداز میں اپنی اکائی کا اظہا رکرتے ہیں۔اور یہ نظر انداز کیا جانے والا معاشرے کا سب سے اہم طبقہ اتنا ہی طاقتور نظربھی آتا ہے جتنا کہ وہ ہے۔حقیقتاًیو م ِ مزدور ایک ایسا دن ہے جودنیا بھر کے مزدوروں کے لئے عزت ووقارکا باعث اور ان کے اتحاد کی علامت ہے۔

لیبر ڈے پردنیا بھر میں مزدوروں اور ان کی ضروریات اور حقوق کو فوکس کیا جاتا ہے۔انھیں ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی دی جاتی ہے اور ایسی مہمات اور تحریکیں چلائی جاتی ہیں جو انھیں احساس دلاتے ہیں کہ وہ کسی بھی اعتبارسے کمتر نہیں ہیں۔

اور انھیں یہ شعور ہونا چاہیے کہ وہ کس طرح اپنے اور اپنے خاندان کے لئے بہتر زندگی کا حصول کرسکتے ہیں جو ہر اعتبارسے محفوظ ومامون بھی ہو۔